ممبئی، 3؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اب شیو سینا کے نشانے پر بھی آ گئے ہیں۔شیوسینا نے کہا ہے کہ نتیش کمار بہار چھوڑ کر اتر پردیش کاچکر لگا رہے ہیں۔دوسری طرف بہار میں گڈ گورننس کے نام پر آئی حکومت کی ناک کے نیچے اجتماعی عصمت دری اور ٹاپرس اسکینڈل ہو رہا ہے۔شیوسینا کے ترجمان اخبار ’سامنا‘کے اداریہ میں ایک طویل نظم دے کر یہ بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کس طرح بہار میں ڈاکٹر، انجینئر اور تاجروں کو اپنی جان بچانے کے لیے مجرموں کو پیسے دینے پڑتے ہیں ۔بچے بغیر پڑھے ٹاپ کر جاتے ہیں اور خواتین کی حفاظت بھگوان بھروسے ہے۔اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ بہار آج پھر چوراہے پرکھڑاہوگیاہے۔گڈ گورننس کے نام پر عوام نے صوبے کی باگ ڈور ایسے ہاتھوں میں سونپ دی ہے جو مجرموں کو تحفظ دے رہے ہیں ۔سزایافتہ لوگوں کو آگے بڑھا رہے ہے۔شیوسینا نے نتیش کمارکے وزیراعظم بننے کی کوشش، شراب بندی مہم،لالویادو اور ان کے بیٹوں سمیت مافیا سرغنہ شہاب الدین سے دوستی جیسے مسائل پر جم کرطنزکساہے۔